مشترکہ زمین کی تقسیم میں راستے کی جگہ کس سے لی جائے اور قیمت کے لحاظ سے تقسیم کا حکم
سوال
تین بھائیوں کی وراثتی مشترکہ جگہ ہے،جگہ چونکہ لمبائی میں زیادہ ہے، جس کی وجہ سے راستہ کی جانب سے تقسیم ممکن نہیں۔ لہٰذا اس مشترکہ جگہ میں راستہ چھوڑنے کی ضرورت ہے۔ آخری جگہ والے کیلئے راستہ چھوڑنا مشترکہ حصہ سے لیاجائے گا یا آخری گھر والوں کی جگہ سے؟
جواب
واضح رہے کہ جب ترکہ کی زمین مالیت کے اعتبار سے مختلف ہوتو اس کو قیمت کے اعتبار سے تقسیم کیا جائے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔اس کی صورت یہ اختیار کی جاسکتی ہے کہ کوئی وارث ساری زمین کو لے لے اور بقیہ ورثاء کو اس کے حصے کی قیمت ادا کردے۔
تاہم اگر کوئی وارث کسی وجہ سے لینے پر راضی نہ ہو، بلکہ زمین کو ہی تقسیم کرنے پر مصر ہو تو ایسی صورت میں راستہ مشترکہ زمین میں سے نکالنے کے بعد تقسیم ہوگی، بایں طورکہ آخر والی زمین لینے والے کو زمین زیادہ ملے گی، اگلے کو اس سے کم اور اس سے آگے والے کو ان سےکم تاکہ قیمت کے اعتبار سے برابری ہوجائے اور کسی کی حق تلفی نہ ہو۔
لما في مجلة الأحكام العدلية:
إذاكان في تقسيم الدار أبنية إحدى الحصتين أغلى ثمنا من الحصة الأخرى فإن أمكن تعديلها بإعطاء مقدار من العرصة فيها وإلا فتعدل بالنقود.
إذا أريد قسمة دار مشتركة بين اثنين على أن يكون فوقانيها لواحد وتحتانيها لآخر فيقوم كل من الفوقاني والتحتاني وتقسم باعتبار القيمة
(الكتاب العاشر: الشركات، الباب الثاني: في بيان القسمة، الفصل الخامس: في بيان كيفية القسمة، رقم المادة:1149، 1150، ص: 222 ط: نور محمد، كارخانه تجارتِ كتب)
فقط واللہ اعلم
حوالہ: فرائض