مرد کے لیے سونے یا سفید سونے (White Gold) کی گھڑی پہننے کا حکم
سوال
کیا مرد کے لیے خالص سونے یا سفید سونے کی گھڑی پہننا جائز ہے؟ اگر گھڑی میں سونے کے ساتھ دیگر دھاتیں بھی شامل ہوں تو حکم کیا ہوگا؟
نیز کیا ایسی گھڑی جس کا صرف بیزل سفید سونے (white gold)کا ہو پہننی جائز ہے؟
جواب
مرد کیلئے خالص سونے کی گھڑی کا استعمال جائز نہیں۔
لما في مسند أحمد:
عن أبي موسى قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " الحرير والذهب حرام على ذكور أمتي، وحل لإناثهم "
(مسند الكوفيين، حديث أبي موسى الأشعري، رقم الحديث 19515، 32 / 276 ط: مؤسسة الرسالة، ت: شعيب الأرنؤوط و عادل مرشد)
اسی طرح اگر سونے اور دیگر دھاتوں سے ملا کر گھڑی بنائی گئی ہواور سونا غالب ہو اور دیگر دھاتیں مغلوب ہوں تو ایسی گھڑی کا استعمال بھی مرد کیلئے جائز نہیں۔ لیکن اگر سونا مغلوب ہو اور دیگر دھاتیں غالب ہوں تو ایسی گھڑی کا استعمال جائز ہے۔
لما في الفتاوى الهندية:
الدراهم إذا كانت مغشوشة فإن كان الغالب هو الفضة فهي كالدراهم الخالصة.
وإن غلب الغش فليس كالفضة۔۔۔ وحكم الذهب المغشوش كالفضة المغشوشة
(كتاب الزكاة، الباب الثالث، الفصل الأول في زكاة الذهب والفضة، 1/ 179 ط: دارالفکر)
نیز یہ بات بھی واضح رہے کہ اگرسفید سونا (white gold) پلاٹینم دھات کے ملانے سے بنایا گیا ہوتو اس کے بارے میں حکم یہ ہے کہ اگر سونا غالب ہواور پلاٹینم دھات مغلوب تو اس پر سونے کا حکم لگایا جائے گااور اگر سونا مغلوب ہواور پلاٹینم دھات غالب ہوتو اس پر دھات والا حکم لگایا جائے گا۔
مجمع الأنهر في شرح ملتقى الأبحر:
وما غلب ذهبه أو فضته فحكمه حكم الذهب والفضة الخالصين۔۔۔ وما غلب غشه كالستوقة
(كتاب الزكاة ، باب زكاة الذهب والفضة والعروض، 1/ 305 ط: دارالكتب العلمية)
لہٰذا صورت مسئولہ میں ذکر کردہ گھڑی جس کا صرف بیزل سفید سونے (white gold) کا ہے، پہننا جائز ہے؛ اس لئے کہ مذکورہ گھڑی میں غالب دیگر دھاتیں ہیں اور سونا مغلوب ہے۔
فقط واللہ اعلم
حوالہ: حظر و اباحت